زمبابوے کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سکندر رضا نے انگلینڈ کے معروف ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ وٹیلیٹی بلاسٹ میں شرکت کے لیے برطانوی کاؤنٹی کلب Worcestershire County Cricket Club سے باقاعدہ معاہدہ کر لیا ہے۔
اس معاہدے کے بعد وہ ایونٹ میں ٹیم کی نمائندگی کرنے والے اہم اوورسیز کھلاڑیوں میں شامل ہوں گے۔
کاؤنٹی کلب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے ماہر اور تجربہ کار آل راؤنڈر سکندر رضا اس سیزن کے لیے ٹیم میں شامل ہونے والے دوسرے اوورسیز کرکٹر ہیں، کلب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کی شمولیت سے اسکواڈ کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں توازن ملے گا اور ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔
ویب سائٹ پر جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ سکندر رضا اپنے 19 سالہ پروفیشنل کیریئر کے دوران دنیا بھر کی مختلف لیگز میں کھیلنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ بھارتی پریمیئر لیگ، کیریبین پریمیئر لیگ ، پاکستان سپر لیگ، ایس اے 20 (SA20) سمیت دیگر عالمی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں شرکت کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ انگلینڈ کے معروف دی ہنڈرڈ میں مانچسٹر اوریجنلز کا حصہ رہ چکے ہیں جہاں انہوں نے اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے شائقین کو متاثر کیا۔
سکندر رضا کی شناخت ایک جارح مزاج مڈل آرڈر بیٹر اور مؤثر آف اسپن باؤلر کے طور پر کی جاتی ہے، مشکل حالات میں ذمہ دارانہ بیٹنگ اور اہم مواقع پر وکٹیں لینے کی صلاحیت نے انہیں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلایا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت اور سری لنکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں زمبابوے نے ان کی قیادت میں گروپ اسٹیج کے اہم مقابلے میں آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے کر سب کو چونکا دیا ، اس فتح نے نہ صرف زمبابوے کرکٹ کا وقار بلند کیا بلکہ سکندر رضا کی قیادت اور کارکردگی کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا۔