بھارتی جریدے دی وائر نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں خطے کی بدلتی ہوئی سفارتی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان کے کردار کو نمایاں قرار دیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے اپنی سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے علاقائی سطح پر اہم مقام حاصل کیا ہے،جریدے کے مطابق مودی حکومت کی خارجہ پالیسی کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، اور پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کا کردار اہمیت اختیار کر گیا ہے، جہاں وہ ایک ممکنہ ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
مزید کہا گیا کہ عالمی سطح پر بدلتے حالات کے باعث خطے میں سفارتی ترجیحات میں بھی تبدیلی آ رہی ہے، جریدے کے مطابق بعض حلقوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ واشنگٹن خطے میں مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئے زاویے سے دیکھ رہا ہے، جبکہ بھارت کی پالیسیوں پر بھی تنقید سامنے آ رہی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ خطے میں نئے سفارتی اتحاد بن رہے ہیں، جن میں مصر اور ترکیہ جیسے ممالک شامل ہیں اور یہ تبدیلیاں علاقائی سیاست پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔