وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت نے اہم اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی غریب طبقے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی، کفایت شعاری اور بچت کے مختلف اقدامات کے ذریعے عوام کو 129 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین، بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی، جس میں کم آمدنی والے طبقات کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حتمی تجاویز پیش کریں تاکہ ریلیف کے اقدامات مؤثر انداز میں عوام تک پہنچ سکیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت کے بروقت فیصلوں کی وجہ سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی ملکی ضروریات کے لیے مناسب مقدار موجود ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد اور پورے سپلائی چین کی نگرانی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے باقاعدگی سے کی جا رہی ہے۔
اس اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ریلیف فراہم کرنے کے تمام اقدامات شفاف، بروقت اور مؤثر انداز میں جاری رہیں گے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے جاری منصوبے ملک کی معاشی ترقی اور عوام کی سہولت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔