عوامی نیشنل پارٹی کے سیکرٹری خارجہ اُمور سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پختون سرزمین کو قبرستان میں تبدیل کر دیا ہے، جس کے باعث پختونوں کی بڑی تعداد پُرامن زندگی کی تلاش میں اسلام آباد اور پنجاب منتقل ہو چکی ہے، جبکہ مزید خاندان نقل مکانی کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے پختونوں کو اقتصادی، سماجی اور سیاسی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے۔ پختونخوا میں بدامنی کے باعث روزگار کے مواقع ختم ہو گئے ہیں اور لوگ اپنے ہی گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پختونخوا کو آباد اور خوشحال بنانے کے لیے کردار ادا کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اوورسیز پختون اس کارِخیر میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مقامی معیشت کو سہارا دینے کے لیے اوورسیز پختون، پختونخوا میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں۔
سردار حسین بابک نے کہا کہ ہم اپنے ویران گھروں کو خود آباد اور خوشحال بنائیں گے۔ توقع ہے کہ اوورسیز پختون پختونخوا میں سرمایہ کاری کر کے ترقی، امن اور استحکام کے عمل کو تیز کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔