خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل نیوز چینل پختون ڈیجیٹل کو حکومت کی طرف سے دبائو کا سامنا ،پختون ڈیجیٹل کے ایڈیٹر کاشف الدین سید نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا ادارہ آزادیٔ اظہارِ رائے اور صحافتی اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کے بھائی عامر آفریدی کی جانب سے پختون ڈیجیٹل کے خلاف پانچ کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق یہ نوٹس پختون ڈیجیٹل کی جانب سے شائع کی گئی خبروں کے ردعمل میں بھیجا گیا، جس پر ادارے کی جانب سے سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔
کاشف الدین سید کا کہنا ہے کہ پختون ڈیجیٹل نے جو بھی خبریں شائع کی ہیں وہ مستند صحافیوں کے بیانات، ٹویٹس اور ویڈیو کلپس کی بنیاد پر رپورٹ کی گئی ہیں، اور ان کا مقصد صرف عوام کے سامنے حقائق لانا ہے، انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں معلومات فراہم کرنا صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جا سکتا۔

