ملک بھر میں ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے لیے اعلیٰ سطحی مشاورت جاری ہے اور قوی امکان ہے کہ وفاقی حکومت اتحادی جماعتوں اور صوبائی حکومتوں سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد جلد حتمی فیصلہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال، توانائی کے بحران اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم کی شرکت بھی متوقع ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کی ہے، جس میں توانائی بچت اور ممکنہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی توانائی بچت سے متعلق تمام منصوبہ بندی کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن، دفاتر کے اوقات کار میں ردوبدل، ورک فرام ہوم پالیسی اور ایندھن کی بچت جیسے اقدامات زیر غور ہیں۔ سندھ اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے بھی وفاقی فیصلوں کی تائید کا یقین دلایا ہے۔
حکومتی حلقوں کے مطابق مشاورت کا عمل جاری ہے اور آئندہ چند روز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق باضابطہ اعلان متوقع ہے۔