اسلام آباد میں اسٹیمپنگ کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے اور 12 فروری 2026 سے روایتی عدالتی اور غیر عدالتی اسٹامپ پیپرز کا استعمال ختم کر دیا گیا ہے۔ 13 فروری سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں کوئی بھی سرکاری یا نجی دفتر، عدالت یا متعلقہ اتھارٹی دستی اسٹامپ پیپر قبول نہیں کرے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد دستاویزی عمل کو آسان بنانا، تاخیر کا خاتمہ کرنا اور جعلسازی کے امکانات کو کم کرنا ہے، تاکہ تمام کارروائیاں ایک شفاف اور قابلِ تصدیق ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دی جا سکیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ یکم فروری 2026 سے ای اسٹیمپنگ سروس فعال کی جا چکی ہے، جس کے تحت شہری اب موبائل ایپ یا کمپیوٹر کے ذریعے ڈیجیٹل دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں، جو سادہ کاغذ پر پرنٹ ہو کر قابلِ استعمال ہوں گی۔ یہ ڈیجیٹل نظام متعلقہ رجسٹرار کے ذریعے آن لائن تصدیق کے بعد قانونی حیثیت اختیار کرے گا، جبکہ 12 فروری کے بعد دستی طریقے سے جمع کرائی گئی دستاویزات ناقابلِ قبول تصور کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:اہم سیاسی پیش رفت ، وزیر اعظم سےاپوزیشن کےبڑے رہنما کی ملاقات طے
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ماضی میں شہریوں کو زیادہ مالیت کی دستاویزات کے لیے ٹریژری دفاتر کے چکر لگانا پڑتے تھے، جہاں تاخیر اور بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آتی تھیں، تاہم نئے نظام سے یہ عمل نہ صرف تیز ہو گا بلکہ تمام لین دین قابلِ سراغ بھی ہو گا۔
اس ضمن میں لائسنس یافتہ فروشوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا موجودہ ریکارڈ اور مواد 12 فروری تک اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو کے پاس جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے اس اقدام کو شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام کے تحت صرف اصل درخواست گزار ہی دستاویزات حاصل کر سکے گا اور معاہدوں یا جائیداد کی منتقلی میں شامل تمام فریقین کا مکمل ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا، جس سے جعلسازی اور غلط استعمال کے امکانات نمایاں حد تک کم ہوں گے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 12 فروری کے بعد اسلام آباد میں تمام قانونی، جائیدادی اور انتظامی امور کے لیے صرف ڈیجیٹل طریقہ کار ہی قابلِ قبول ہو گا۔ یہ اقدام وفاقی دارالحکومت میں سرکاری خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔