گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ جس طرح فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی قیادت میں قوم نے معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی، اسی عزم اور قیادت کے تحت معرکہ ترقی بھی ضرور جیتیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت، محنت اور معیار پر توجہ کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی مضبوط پہچان بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈ اِن پاکستان کانفرنس اینڈ ایوارڈز میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی جب عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات پر “میڈ اِن پاکستان” لکھا ہوا دیکھتے ہیں تو انہیں فخر اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ہمیں اجتماعی طور پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم عالمی معیار اور اعلیٰ کوالٹی کو اپنی شناخت بنائیں گے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس وافر انسانی وسائل موجود ہیں اور اگر ان وسائل کو درست سمت دی جائے تو ملک ترقی کی نئی منازل طے کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جبکہ 50 فیصد آبادی خواتین کی ہے، جو ملک کے لیے ایک سنہری موقع ہے یہی نوجوان اور خواتین ملکی معیشت، صنعت اور برآمدات میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کامران خان ٹیسوری نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان عالمی برآمدات میں مزید نمایاں مقام حاصل کرے گا اور “میڈ اِن پاکستان” ایک مضبوط اور معتبر برانڈ کے طور پر دنیا بھر میں پہچانا جائے گا۔