پی ایس ایل 11 میں دفاعی چیمپئن لاہور کا فاتحانہ آغاز، افتتاحی میچ میں حیدرآباد کو شکست

پی ایس ایل 11 میں دفاعی چیمپئن لاہور کا فاتحانہ آغاز، افتتاحی میچ میں حیدرآباد کو شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے، جہاں افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے لیگ میں پہلا میچ کھیلنے والی حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ محمد نعیم نے 30 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ مڈل آرڈر میں وکٹ کیپر بلے باز حسیب اللہ نے ناقابلِ شکست 40 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں سکندر رضا 24 اور آصف علی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاہین آفریدی 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے بولنگ میں میریڈتھ اور حسان خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم لاہور قلندرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے تر نوالہ ثابت ہوئی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 130 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

حیدرآباد کی جانب سے کپتان مارنس لبوشین نے سب سے زیادہ 26 رنز اسکور کیے، جبکہ صائم ایوب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حسان خان نے 14 اور حماد اعظم نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔ اختتامی لمحات میں رائیلی میریڈتھ نے ناٹ آؤٹ 19 رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں سے مذہبی ہم آہنگی کی نادر مثال، سری لنکن لیجنڈری کرکٹر جے سوریا کاخوبصورت عمل سوشل میڈیا پر وائرل

لاہور قلندرز کی جانب سے عبید شاہ، سکندر رضا اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاہین آفریدی اور متفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری جانب کرکٹ کے شائقین اپنے پسندیدہ ایونٹ کو دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں، تاہم اس بار میچز صرف ٹیلی ویژن اور لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے ہی دیکھے جا رہے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ 11 کے میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر اور ڈیجیٹل ایپ مائیکو سے براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

خطے میں جاری کشیدگی کے باعث توانائی بحران سے بچنے کے لیے حکومتی فیصلے کے تحت اسٹیڈیم میں شائقین کی آمد کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے باعث میچز خالی گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *