ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف اہم مقدمے میں عدم حاضری پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سہیل آفریدی کے خلاف ریاستی اداروں پر مبینہ طور پر گمراہ کن الزامات عائد کرنے اور ان کی ساکھ متاثر کرنے کا مقدمہ درج ہے،عدالت میں مسلسل عدم پیشی کے باعث سینئر سول جج عباس شاہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کی جانب سے عدالتی کارروائی میں شرکت نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، جس پر سخت اقدام ناگزیر ہو گیا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت نو اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آئندہ پیشی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کے خلاف یہ مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے کی جانب سے درج کیا گیا ہے، جس میں ان پر ریاستی اداروں کے خلاف مبینہ بیانات دینے کا الزام ہے۔