نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ای سہولت فرنچائزز کو محدود اختیارات فراہم کر دیے ہیں جس کے بعد شناختی دستاویزات سے متعلق کئی اہم خدمات اب قریبی دکانوں کی طرز پر قائم ان مراکز سے حاصل کی جا سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق یہ ای سہولت فرنچائززمختلف شہروں میں قائم ہیں لاہور میں ان سنٹرز کی تعداد 173 ہے جو مختلف گلی محلوں میں عام دکانوں کی صورت میں موجود ہیں جہاں شہریوں کو شناختی خدمات کے لیے بڑے نادرا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
نئے فیصلے کے تحت 10 سال سے کم عمر بچوں کا ب فارم اب ای سہولت فرنچائزز سے بھی بنایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ شناختی کارڈ کی تجدید اور گمشدہ شناختی کارڈ کے متبادل کے لیے درخواستیں بھی انہی مراکز سے جمع کروائی جا سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ایران مذاکرات کیلئے راضی نہ ہوا تو امریکا کیا کرے گا؟ بڑی خبرآ گئی
اس کے علاوہ فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ کی منسوخی کی سہولت بھی ای سہولت فرنچائزز کو دے دی گئی ہے جس سے ورثاء کو اہم دستاویزی کارروائی میں بڑی آسانی میسر آئے گی۔
نادرا حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو گھر کی دہلیز کے قریب بنیادی شناختی سہولیات فراہم کرنا اور دفاتر پر رش کم کرنا ہے تاکہ شہریوں کا وقت اور اخراجات دونوں بچائے جا سکیں۔

