سعودی جیولوجیکل سروے نے تصدیق کی ہے کہ مملکت کے شمال مغربی علاقے حرۃ الشاقہ میں ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ادارے کے مطابق زلزلہ نگرانی نیٹ ورک کے اسٹیشنوں نے یہ جھٹکے مقامی وقت کے مطابق پیر کی شام کے وقت ریکارڈ کیے۔
جیولوجیکل سروے نے اپنے بیان میں بتایا کہ زلزلے کا مرکز حرۃ الشاقہ کے شمال مغرب میں تقریباً 86 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، جبکہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 3.43 ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ یہ جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے اور ان سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم سرکاری اداروں کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے۔
حالیہ ہفتوں میں خطے کے دیگر ممالک بھی زلزلے کی سرگرمیوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بنگلادیش میں 5.7 شدت کے ایک زلزلے نے عوام میں خوف و ہراس پھیلا دیا تھا۔
مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 38 منٹ پر آنے والے اس زلزلے کا مرکز نرسنگدی ضلع میں تھا، جو دارالحکومت ڈھاکا سے تقریباً 50 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
بنگلادیش محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی، جبکہ جھٹکے ڈھاکا سمیت متعدد بڑے شہروں میں محسوس کیے گئے۔
بنگلادیش کے ساتھ ساتھ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ اور مشرقی بھارت کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی۔
حکام کے مطابق ہنگامی اقدامات کے طور پر متعلقہ محکموں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے حوالے سے خبردار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔