سونے کی قیمت دوسرے دن بھی آسمان پر پہنچی رہی، ملک میں دو دن میں سونے کے فی تولہ نرخ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج سونے کے نرخ میں 2300 روپے کا بڑا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 38 ہزار 862 روپے ہو گئی ہے۔
دس گرام سونے کے نرخ میں 1972 روپے کا اضافہ ہونے سے نئے نرخ 3 لاکھ 76 ہزار 253 روپے ہو گئے ہیں۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں 23 ڈالر کا اضافہ ہونے سے فی اونس قیمت 4165 ڈالر ہو گئی ہے جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت میں بھی 60 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 5482 روپے ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ براہ راست عالمی مارکیٹ اور ڈالر کے اتار چڑھاؤ سے متاثر ہوتے ہیں، اور ڈالر کی قدر میں معمولی اتار چڑھاؤ بھی سونے کی قیمتوں پر اثر انداز ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ جاری رہا تو مقامی مارکیٹ میں مزید اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔
ادھر عالمی مالیاتی ادارے مورگن اسٹینلی کی تازہ رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ آنے والے سالوں میں سونے کی قیمتیں نئی بلندیوں کو چھو سکتی ہیں ، رپورٹ کے مطابق اگر عالمی معیشت میں مزید عدم استحکام پیدا ہوا، یا شرح سود میں واضح کمی آئی، تو سونے کی عالمی قیمتیں تاریخی سطح تک پہنچ سکتی ہیں۔