لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے اہم خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی انتخابات میں عوام نے واضح فیصلہ سناتے ہوئے ‘نفرت، جھوٹ اور گالم گلوچ کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے’۔
لاہور میں پارٹی اراکین سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز اور تمام نو منتخب اراکین اسمبلی کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی۔
نواز شریف نے اپنے خطاب میں سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’دوسروں کو چور ڈاکو کہنے والے خود قومی خزانے پر ڈاکے مارتے رہے’۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈیڑھ سال کے دوران مسلم لیگ (ن) نے ملک کو معاشی تباہی اور ڈیفالٹ سے بچایا، اور اب ‘پاکستان نے معاشی ٹیک آف کر دیا ہے‘۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک گزشتہ حکومت کے دور میں سنگین بحرانوں سے گزرا اور معیشت شدید دباؤ کا شکار ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘لوگوں نے ہماری کارکردگی پر اعتماد کرتے ہوئے ووٹ دیا اور پنجاب میں ترقی کا سفر اب نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ پنجاب میں تو ابھی ترقی کا محض آغاز ہوا ہے۔’
نواز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور صوبے میں نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے جاری ہیں، جو حکومت کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔
خطاب میں انہوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اکیلا مجرم نہیں، اسے لانے والے بھی برابر کے مجرم ہیں۔’ انہوں نے کہا کہ ملک کے اہم فیصلے متاثر ہوئے اور ’پی ٹی آئی نے ہمارے بہت سارے فیصلے غیروں کے ہاتھ میں دے دیے‘۔
معاشی فیصلوں کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ ’میں نے آئی ایم ایف سے جان چھڑائی تھی، لیکن پی ٹی آئی پھر ملک کو آئی ایم ایف کے پاس لے گئی۔ آج بھی ہم کئی فیصلے خود نہیں کر سکتے اور ہمارے معاشی اختیارات محدود کیے جا چکے ہیں‘۔
نواز شریف نے پی ٹی آئی کے الیکشن بائیکاٹ کے دعووں پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ ‘یہ کیسا بائیکاٹ ہے کہ ایوب خان کی بہو خود الیکشن لڑ رہی ہے؟’ انہوں نے ایک بار پھر نو منتخب اراکین اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے محنت، خدمت اور بہترین کارکردگی ضروری ہے۔