محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے لیے جاری کردہ موسمی اپ ڈیٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی حصوں میں دھند اور سموگ کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب:
پنجاب کے میدانی اضلاع دھند اور سموگ کی لپیٹ میں رہیں گے۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال اور ملتان سمیت اکثر شہروں میں حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پشاور، مردان، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دھند پڑنے کا امکان ہے، جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر خشک سردی چھائی رہے گی۔ حکام کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں دھند کی شدت بڑھ سکتی ہے۔
سندھ:
سندھ بھر میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت میں خاصی تبدیلی نہیں آئے گی اور کم سے کم 14 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد:
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا۔ شہر میں درجہ حرارت 4 سے 23 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شمالی علاقہ جات:
محکمہ کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، ہنزہ اور سکردو میں شدید سردی کا راج برقرار رہے گا۔ درجہ حرارت منفی سطح تک گرنے کا امکان ہے۔ دسمبر کے ابتدائی ایام کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری بھی ہوسکتی ہے، جو سردی کی شدت میں مزید اضافہ کرے گی۔
بلوچستان:
شمالی بلوچستان میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ برقرار رہے گا، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی خنکی میں اضافے کی توقع ہے۔ رات اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے کم رہے گا۔