وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسمِ سرما کی شدت بڑھنے کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نیا ٹائم ٹیبل یکم دسمبر سے نافذ ہوگا اور یہ پالیسی 31 جنوری تک مؤثر رہے گی اس فیصلے کا بنیادی مقصد طلبہ اور اساتذہ کو سرد موسم میں بہتر سہولت فراہم کرنا اور تعلیمی سرگرمیوں کو بغیر خلل کے جاری رکھنا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سنگل شفٹ اسکول صبح 8:30 بجے کھلیں گے اور 2:00 بجے بند ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز یہی اسکول 8:30 سے 1:15 بجے تک کلاسز کا انعقاد کریں گے۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ٹھنڈ بڑھنے کے باعث صبح کے وقت بچوں کو آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی تھیں اسی لیے وقت میں مناسب تبدیلی کی گئی ہے تاکہ سکول جانے والے طلبہ سرد موسم کے اثرات سے بچے رہیں۔
اس کے علاوہ ڈبل شفٹ والے اسکولوں کے جدید اوقات بھی طے کیے گئے ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق صبح کی شفٹ 8:15 بجے سے 1:15 بجے تک جاری رہے گی جب کہ ایوننگ شفٹ میں پڑھنے والے طلبہ کے لیے کلاسز 1:15 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہوں گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹائمنگ اس طرح ترتیب دی گئی ہے کہ دونوں شفتوں کے طلبہ کو زیادہ سہولت ملے اور اداروں میں بھیڑ نہ بڑھے۔
محکمہ تعلیم نے تمام اسکول پرنسپلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ نیا شیڈول فوری طور پر نافذ کریں اساتذہ و والدین کو آگاہ کریں اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام انتظامات نئے اوقات کے مطابق مکمل کریں حکام کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو موسم کے مطابق شیڈول میں مزید تبدیلی بھی ممکن ہے۔