کراچی میں پہلی بار ایمبولینس کے لئے الگ لین مختص کردی گئی

کراچی میں پہلی بار ایمبولینس کے لئے الگ لین مختص کردی گئی

کراچی میں ہنگامی طبّی امداد کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی مرتبہ ایمبولینس کے لیے مخصوص لین مختص کرکے فعال کردی گئی ہے۔

یہ لین صدر کے معروف تجارتی علاقے ایمپریس مارکیٹ سے لکی اسٹار تک بنائی گئی ہے جو روزانہ ہزاروں گاڑیوں کے دباؤ کا مرکز ہوتا ہے۔
اس خصوصی ٹریک کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہنگامی حالات میں مریضوں کو ہسپتال تک پہنچانے والی ایمبولینسیں ٹریفک جام میں پھنسنے کے بجائے تیزی سے اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں کی جان کا تحفظ ہے اور اس مقصد کے لیے ہنگامی گاڑیوں کو بلا رکاوٹ گزرنے کی سہولت دینا انتہائی ضروری تھا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کے مصروف ترین علاقوں میں ایمبولینسز کو شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے جس کے باعث اکثر مریض ہسپتال تاخیر سے پہنچتے ہیں۔

یہ خبربھی پڑھیں :سندھ میں پہلی منفرد ’’کشتی ایمبولینس‘‘ متعارف

اس مخصوص ایمبولینس لین کے قیام سے نہ صرف امدادی عمل تیز ہوگا بلکہ ہنگامی صورتحال میں قیمتی جانیں بھی بچائی جا سکیں گی۔
جاوید نبی کھوسو نے مزید بتایا کہ ضلع ساؤتھ کی دیگر اہم شاہراہوں پر بھی اسی طرز پر اضافی ایمبولینس لینز بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر مخصوص ٹریکس ایک ناگزیر ضرورت بن چکے ہیں جو نہ صرف ہنگامی گاڑیوں کی راہ ہموار کریں گے بلکہ مجموعی ٹریفک نظام میں بھی بہتری لائیں گے۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے کراچی کے ہنگامی انفراسٹرکچر میں ایک نمایاں اور مثبت اضافہ قرار دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ لین خاص طور پر ان علاقوں میں انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی جہاں کاروباری سرگرمیاں زیادہ ہونے کے باعث ٹریفک گنجان رہتا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اگر اس منصوبے کو مزید علاقوں تک وسیع کیا گیا تو کراچی کا ایمرجنسی رسپانس سسٹم نمایاں طور پر بہتر ہو جائے گا، جس کا براہِ راست فائدہ شہریوں کی صحت اور جان کی حفاظت کی صورت میں سامنے آئے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *