ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں حالیہ عالمی واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں فائرنگ کا تازہ واقعہ نہایت افسوس ناک ہے اور پاکستان اس کی سخت مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کی جانوں کا ضیاع پوری عالمی برادری کے لیے صدمے کا باعث ہے اور پاکستان ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی رکھتا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ واقعہ دنیا میں دہشت گردی کے منظم خطرے کے دوبارہ ابھرنے کی نشاندہی کرتا ہے لہٰذا بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ اس بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کرے۔
پریس بریفنگ میں ترجمان نے تاجکستان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں تین چینی شہریوں کی ہلاکت پر بھی افسوس کا اظہار کیا انہوں نے واضح کیا کہ اس واقعے کی ذمہ داری افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں پر عائد ہوتی ہے۔
رجمان نے افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کا استعمال دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے کیونکہ ایسے واقعات نہ صرف علاقائی سلامتی بلکہ پڑوسی ممالک کے لیے بھی شدید خطرہ بنتے ہیں۔
اس موقع پر ترجمان نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان سرحدی قوانین اور سفارتی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ان کے مطابق بھارت کی جانب سے ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے کی کوشش ہیں، جبکہ پاکستان ہمیشہ سے مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور دفاع کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا آخر میں ترجمان نے پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر جاری پیش رفت کے بارے میں بتایا کہ دونوں ممالک رابطے میں ہیں اور اس منصوبے کے متفقہ حل کے لیے مشاورت جاری ہے۔