وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ٹریفک کی صورتِ حال میں بہتری کے لیے 30 دن کی ڈیڈ لائن دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ٹریفک کے جدید نظام کی منصوبہ بندی، روڈ سیفٹی اور نظم و نسق پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت تمام شہروں میں ٹریفک کے معاملات کو بہتر کرنا پڑے گا۔ کوئی امتیاز نہیں رکھا جائے گا۔ خلاف ورزی پر ہر شخص کو جرمانہ دینا پڑے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ٹریفک پولیس کو آخری موقع ہے، کارکردگی نہ دکھائی تو نیا ڈپارٹمنٹ بنانا پڑے گا۔ ہر چیز ٹھیک کر دی مگر ٹریفک کا برا حال ہے۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور بے ہنگم ٹریفک ریاستی رٹ کمزور ہونے کے مترادف ہے۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور میں ٹریفک کی صورتحال میں بہتری کے لیے 30 دن کی فیصلہ کن ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 60 سالہ پرانے ٹریفک ایکٹ میں 20 بڑی اصلاحات کی گئی ہیں۔ اب پنجاب میں اگر کسی گاڑی کا بار بار چالان ہو گا تو گاڑی نیلام ہو گی۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی سرکاری گاڑیوں کو بھی بھاری جرمانہ ہو گا۔ پنجاب میں ون وے کی خلاف ورزی ختم کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کااساتذہ کے لیے ٹیچنگ لائسنس سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

