وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں ٹریفک اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک قوانین کو سب کے لیے برابر قرار دیتے ہوئے پولیس کی تمام سرکاری اور نجی گاڑیوں سے سیاہ شیشے (Tainted Glass) فوری طور پر ہٹانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹریفک قوانین کی کارروائی کسی خاص طبقے کے لیے مخصوص نہیں ہوگی بلکہ یہ قوانین پولیس افسران اور اہلکاروں پر بھی شہریوں کی طرح یکساں طور پر لاگو ہوں گے۔ اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی کوئی بھی سرکاری یا نجی گاڑی اور موٹر سائیکل رجسٹریشن نمبر پلیٹ کے بغیر سڑک پر نہیں ہونی چاہیے۔ ترجمان نے زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے، خواہ وہ عام شہری کرے یا پولیس کا کوئی اہلکار ہی کیوں نہ ہو۔
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ سیاہ شیشوں، بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے استعمال کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ اوز، انچارج، ضلعی افسران، یونٹس اور فارمیشنز کے سربراہان براہِ راست ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے۔ اس لیے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ماتحت فورس کی طرف سے کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی یقینی بنائیں۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ قانون توڑنے والے پولیس افسران، اہلکاروں اور متعلقہ مجاز سربراہان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان ہدایات کا مقصد صوبے میں قانون کی یکسانیت کو یقینی بنانا اور ٹریفک نظام کو شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس وژن کا حصہ ہیں جس کے تحت صوبے میں ٹریفک قوانین کو سختی سے لاگو کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت، سڑکوں پر نظم و ضبط اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔