امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتصادی اور خارجہ پالیسی سے متعلق اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی حکومت کی جانب سے نافذ کی گئی ٹیرف پالیسی نے نہ صرف کئی ممکنہ معاشی جنگوں کو روکنے میں مدد دی ہے بلکہ اس پالیسی کے باعث امریکا کے دنیا کے متعدد ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ ٹیرف نے امریکا کو ایک مضبوط، خود مختار اور مالی طور پر محفوظ ملک بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ ماضی میں کئی ممالک امریکی منڈیوں اور تجارت کے قوانین سے فائدہ اٹھاتے تھے، جب کہ امریکا مسلسل خسارے کا شکار تھا۔
انہوں نے کہا کہ سخت تجارتی فیصلوں اور نئے ٹیرف نظام نے اس رویے کو تبدیل کیا، جس کے نتیجے میں دیگر ممالک کو امریکا کے ساتھ منصفانہ تجارت پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات کے بعد امریکا پہلے سے زیادہ مضبوط معیشت کے ساتھ عالمی سطح پر دوبارہ نمایاں حیثیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ٹیرف کے اثرات مہنگائی اور ٹیکسوں میں کمی کی صورت میں عوام تک پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران امریکا نے داخلی معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع میں اضافہ دیکھا، جو ان کی تجارتی پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
امریکا کی مسلح افواج دنیا کی سب سے مضبوط اور جدید ترین فوج ہیں، جس کی بدولت ملک نہ صرف اپنی سرحدوں کی حفاظت بہتر انداز میں کر رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط قیادت، مربوط دفاعی حکمتِ عملی اور واضح خارجہ پالیسی نے امریکا کو ایک مرتبہ پھر عظیم طاقت کی حیثیت دلائی ہے۔