پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم نے ٹی20 کرکٹ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ بابر اعظم سری لنکا کے خلاف میچ میں شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کیچز پکڑ کر ٹی20 انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں تین ملکی ٹی20 سیریز کے فائنل کے دوران بابر اعظم نہ صرف بیٹنگ میں بلکہ فیلڈنگ میں بھی نمایاں رہے۔ ان کی بہترین کارکردگی نے ٹیم کی مجموعی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس میچ نے نہ صرف پاکستان کے لیے ٹائٹل جیتنے کی راہ ہموار کی بلکہ بابر کی کارکردگی کو ایک بار پھر ملک بھر میں سراہا گیا۔ بابر نے یہ ریکارڈ فخر زمان کے 57 کیچز کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے بنایا۔
فائنل میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 115 رنز کا ہدف دیا، جسے گرین شرٹس نے 8 گیندیں قبل ہی حاصل کرلیا۔ اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا اور 7 عشاریہ 3 اوورز میں 46 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔ صائم ایوب نے 36 جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 23 رنز اسکور کیے۔
بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو کامیابی کی دہلیز تک پہنچایا۔ شائقین کرکٹ اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے بابر کے ریکارڈ اور مجموعی کارکردگی کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کی مسلسل شاندار پرفارمنس اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ نہ صرف ملک کے بہترین بیٹرز میں شامل ہیں بلکہ فیلڈنگ میں بھی اپنا نام مضبوطی سے منوا رہے ہیں۔