قطر کی وزارت سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ جی سی سی ممالک کے شہریوں کے وزٹ ویزا کی مدت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور اب انہیں متعدد بار قطر میں داخلے کی اجازت بھی حاصل ہوگی۔
جی سی سی ممالک میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں یہ نئی سہولت آج بروز اتوار 30 نومبر 2025 سے حیا سسٹم کے ذریعے نافذ کی گئی ہے۔
وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قطر آنے والے جی سی سی شہریوں کو کھیلوں، ثقافتی اور تفریحی پروگراموں میں زیادہ آسانی کے ساتھ شرکت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
حیا سسٹم عرب کپ 2025 کے دوران بھی فعال رہے گا تاکہ جی سی سی ممالک کے شہری ایونٹس میں آسانی سے شامل ہو سکیں۔
اس سسٹم کے ذریعے الیکٹرانک ویزا درخواستیں جمع کرنا اور ایونٹس میں داخلہ حاصل کرنا آسان ہو جاتا ہے اس کا مقصد سفر کی منصوبہ بندی کو سہل بنانا اور وزیٹرز کے لیے تجربہ بہتر بنانا ہے۔
حیا سسٹم پانچ اقسام کے ویزے فراہم کرتا ہے: سیاحتی ویزا، جی سی سی شہریوں کے لیے خصوصی ویزا، الیکٹرانک سفری اطلاع ویزا، جی سی سی شہریوں کے ساتھ آنے والے وزیٹرز کے لیے ویزا اور امریکی شہریوں کے لیے ویزا معافی کی درخواست۔
یہ اقدامات قطر کو خطے میں سیاحت اور کھیلوں کے لیے مزید قابل رسائی بنانے کی کوشش کا حصہ ہیں اور وزیٹرز کو سہولت کے ساتھ ملک کے مختلف ثقافتی، کھیلوں اور تفریحی مواقع سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔