صدر مملکت آصف علی زرداری اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی ،دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے اور انہیں عملی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان قائم 77 سالہ سفارتی رشتہ محض سیاسی ہم آہنگی تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ اسے باہمی معاشی پیش رفت اور مشترکہ ترقی کا ذریعہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعمیراتی شعبے، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں مصر کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کو بھی قریب لایا جائے تاکہ کاروباری روابط مضبوط ہوں اور دو طرفہ تجارت کا حجم نمایاں طور پر بڑھ سکے۔
مصری وزیرِ خارجہ نے صدر عبدالفتاح السیسی کا خصوصی پیغام بھی صدرِ پاکستان تک پہنچایا جس میں مصری قیادت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، عالمی اقتصادی چیلنجز اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی تباد لہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ۔
ملاقات میں زیادہ حساس اور اہم امور پر براہِ راست بات چیت کی گئی دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اعلیٰ سطح کے رابطوں کو مستقل جاری رکھا جائے گا اور باہمی تعاون کے لیے نئے میکنزم متعارف کرائے جائیں گے۔
اس موقع پر دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مستقبل قریب میں پاکستان مصر تعلقات نہ صرف سفارتی میدان میں بلکہ اقتصادی اور سماجی سطح پر بھی مزید مضبوط اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔