محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کےدوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اورسرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافہ متوقع ہے، اگلے چند روز کے دوران شمالی علاقوں میں دن اور رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسکردو میں منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ، لہہ منفی 09، منفی 06 مری گوپس منفی04 اور استورمیں منفی03 ڈگری ، اسلام آباد میں چار ، لاہور میں دس، کراچی میں 15 اور پشاور میں4 اور کوئٹہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خُشک رہنے کا امکان ہے ، کراچی کا آج کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ کل کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دسمبر میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی، مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صبح سویرے یا رات کے وقت احتیاط سے سفر کریں اور گاڑیوں کے ہیڈلائٹس اور دھند کے شیشوں کا مناسب استعمال یقینی بنائیں۔