گزشتہ شب پیٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد عوام کے لیے ایک اوراچھی خبر سامنے آئی ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15 روز کے لیے کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے نرخ کم کیے گئے تھے، اس اعلان نے عوام میں فوری طور پر ریلیف کی امید پیدا کی کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی براہِ راست مہنگائی اور سفری اخراجات پر مثبت اثرات ڈالتی ہے۔
پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد آج حکومت نے مزید دو بنیادی ایندھن مصنوعات لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 7 روپے 3 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جو کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر اور خاص طور پر ان صارفین کے لیے اہم پیش رفت ہے جو تجارتی یا زرعی مقاصد کے لیے اس ایندھن پر انحصار کرتے ہیں۔
اسی طرح گھریلو استعمال میں بکثرت استعمال ہونے والے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 1 روپے 48 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے ، یہ کمی خاص طور پر ان علاقوں کے لوگوں کے لیے خوش آئند ہے جہاں گیس یا بجلی کی سہولت محدود ہے اور مٹی کا تیل روزمرہ زندگی کا لازمی جزو سمجھا جاتا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق قیمتوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اس کمی کے بعد لائٹ ڈیزل آئل کی نئی سرکاری قیمت 163 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جب کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 192 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔