انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ایک اور بڑی وکٹ گر گئی ہے۔ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی کے بعد اب سابق انگلش کرکٹر معین علی بھی آئی پی ایل چھوڑ کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں حصہ لینے کے لیے تیار ہو گئے ہیں۔
معین علی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وقت نئی شروعات کا ہے اور وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نئے سیزن میں شامل ہونے پر انتہائی پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اپنے بہترین معیار اور عالمی سطح کے ٹیلنٹ کی بدولت ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے، اور وہ اس کا حصہ بننے کے لیے بے حد خوش ہیں۔
سابق انگلش کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان میں کھیلنا ہمیشہ خوشگوار تجربہ رہا ہے۔ یہاں اعلیٰ معیار کی کرکٹ کے ساتھ ساتھ شائقین کا غیر معمولی جوش و جذبہ قابل دید ہے، اور ایسی صورتحال میں کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہے۔ معین علی نے کہا کہ وہ اس نئے چیلنج کے لیے پرامید ہیں اور انشاء اللہ ایک نئے اور خاص تجربے کا حصہ بنیں گے جو ہمیشہ یادگار رہے گا۔
یاد رہے کہ چند دن قبل سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فاف ڈو پلیسی نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے اور پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ اس کے بعد معین علی کا پی ایس ایل میں شمولیت کا اعلان لیگ کے شائقین کے لیے خوشی کی خبر بن گیا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں عالمی اسٹارز لیگ کے نئے سیزن کو مزید دلچسپ اور مقابلہ جاتی بنائیں گے۔