شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے علاقے منڈی خیل کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے منڈی خیل ڈیم کے قریب پنی پوسٹ کے آس پاس مشکوک افراد کی نقل و حرکت کو مانیٹر کیا، جس کے بعد انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے کی جانے والی اس کارروائی کے دوران مشکوک افراد نے فائرنگ کی جس کا فورسز نے بھرپور جواب دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کا بھی آغاز کردیا گیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشتگردوں میں سے دو کی لاشیں اپنی تحویل میں لے لی ہیں، جبکہ باقی چار دہشتگردوں کی لاشوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید مشکوک نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنا شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی تھی، جس کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا اور دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا۔