شیر افضل مروت کو  پی ٹی آئی میں رہ کر کس بات کا پچھتاوا ہوا؟، اہم بات کا اعتراف، مستقبل کی سیاسی وابستگی بھی ظاہر کردی

شیر افضل مروت کو  پی ٹی آئی میں رہ کر کس بات کا پچھتاوا ہوا؟، اہم بات کا اعتراف، مستقبل کی سیاسی وابستگی بھی ظاہر کردی

رکنِ قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے سابق سینیئر رہنما شیرافضل مروت نے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کو ’برا بھلا‘ کہا، جبکہ شریف برادران نے کبھی ان کی تنقید کا جواب نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں:شیر افضل مروت کی ن لیگ میں شمولیت؟سوشل میڈیا پوسٹ نے ہلچل مچادی

نجی ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران شیر افضل مروت نے کہا کہ ’میں نے پی ٹی آئی کے لیے شریف برادران کو برا بھلا کہا لیکن انہوں نے کبھی جواب نہیں دیا، البتہ پی ٹی آئی نے مجھے جواب دے دیا۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر سخت گفتگو کرتے رہے، تاہم اب انہیں احساس ہے کہ ان کی باتوں کا ردعمل نواز شریف یا شہباز شریف کی طرف سے کبھی نہیں آیا، ’لیکن پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے گالم گلوچ کے ساتھ جواب دینا شروع کر دیا ہے۔‘

افسوس ہے کہ ان جیسے لوگوں کے خلاف بات کی

شیر افضل مروت نے اس رویے پر کھلے دل سے پچھتاوا ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے افسوس ہے کہ میں نے پی ٹی آئی کے لیے ان (نواز، شہباز شریف) جیسے لوگوں کو برا بھلا کہا۔‘ انہوں نے اعتراف کیا کہ اُن کی سابقہ سیاسی وابستگی کے دوران جذباتی بیانات نے سیاسی فضا میں تلخی بڑھائی، مگر شریف برادران کی خاموشی نے انہیں سوچنے پر مجبور کیا۔

مستقبل میں سیاسی وابستگی

اپنی آئندہ سیاسی حکمتِ عملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے بتایا کہ کسی جماعت میں شمولیت کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت خود کو آزاد محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی کوئی خفیہ ملاقاتیں یا رابطے نہیں کیے، میں ابھی کسی جماعت میں نہیں ہوں تاہم یہ تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ میں پی ٹی آئی ہی میں رہوں۔‘

مزید پڑھیں:وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے لیے سہیل آفریدی کی نامزدگی کسے پسند نہیں؟ شیر افضل مروت کا انکشاف

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وہ ایسی پوزیشن میں ہیں جہاں جو بات اچھی لگے اس کی تعریف کرتے ہیں اور جو غلط لگے اس پر کھل کر تنقید کرتے ہیں۔

پارلیمنٹ میں دلچسپ مناظر

واضح رہے کہ کچھ دن قبل قومی اسمبلی اجلاس کے دوران شیر افضل مروت وزیر اعظم شہباز شریف کی نشست پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ شہباز شریف نے بعد ازاں انہیں نواز شریف سے بھی ملوایا اور ان کا تعارف کرایا۔ اس سے قبل وہ بلاول بھٹو زرداری کی نشست پر جا کر ان سے بھی مصافحہ کر چکے ہیں، جسے سیاسی حلقوں میں ایک مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کے پاس عمران خان کی رہائی کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں، شیر افضل مروت

ایک ٹی وی پروگرام میں بھی انہوں نے نواز شریف کے ظرف کی ’تعریف‘ کی تھی، جس سے سیاسی مبصرین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ کیا مروت مستقبل میں نئی سیاسی راہیں تلاش کر رہے ہیں۔

شیر افضل مروت کے حالیہ بیانات نے ملکی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ ان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے مختلف تجزیے سامنے آ رہے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *