شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے سات دہشتگرد ہلاک کردیئے ۔ یہ کارروائیاں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ معلومات پر مبنی تھیں اور ان کا مقصد علاقے سے دہشتگردوں کے وجود کو ختم کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی جنرل ایریا میرعلی میں کی گئی، جہاں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے دوران اپنی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر انداز میں فائرنگ کی اور شدید مقابلے کے بعد چھ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسری کارروائی جنرل ایریا اسپن وام میں کی گئی، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے ایک اور خوارج کو ہلاک کردیا۔ ان کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی اور بھارتی معاونت یافتہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے صفائی آپریشن جاری ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی اعلیٰ کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری کے تحت نظرئیہ “عزم استحکام” کے تحت غیر ملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کا مقصد ملک سے غیر ملکی معاونت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنا اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف یہ مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور علاقے میں کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی برداشت نہیں کی جائے گی۔