بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی اور موٹرسائیکل چلانے والوں کے لئے بری خبر

بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی اور موٹرسائیکل چلانے والوں کے لئے بری خبر

چیف ٹریفک آفیسر لاہور اطہر وحید نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی اور موٹرسائیکل چلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف اب صرف جرمانہ نہیں بلکہ ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں کو واضح پیغام دیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کرنا لازمی ہے اور خلاف ورزی کرنے پر کسی بھی قسم کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا۔

سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شہر میں موٹرسائیکل سواروں کی بڑی تعداد اب ہیلمٹ پہن رہی ہے، جو خوش آئند تبدیلی ہے، تاہم انہوں نے شہریوں کو خبردار کیا کہ بائیں لین میں سفر کریں اور ون وے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اطہر وحید کے مطابق شہریوں میں اب تک پانچ ہزار سے زائد ہیلمٹ مفت تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ برسوں سے آگاہی مہم چلائی جا رہی تھی، لیکن اب سختی کے اثرات دو دن میں پورے پنجاب میں واضح نظر آ رہے ہیں۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک نظام میں طویل عرصے سے بے ضابطگیاں موجود تھیں، جن میں غلط پارکنگ ایک بڑا مسئلہ ہے، خاص طور پر شادی ہالز اور تعلیمی اداروں کے باہر گاڑیاں غیر مناسب جگہ پر کھڑی کر دی جاتی ہیں، جبکہ الزام اکثر ٹریفک پولیس پر لگا دیا جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: فرخ کھوکھرغیر لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد چند گھنٹوں میں رہا

اطہر وحید نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے بلکہ لاہور میں ٹریفک نظام کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے بھی لازمی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان اقدامات سے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور شہری زیادہ محفوظ انداز میں سفر کر سکیں گے۔

یہ اقدامات لاہور میں ٹریفک کے بہتر انتظام اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں، اور سی ٹی او نے سختی سے کہا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *