وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے آج وزیرِ اعظم ہاؤس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری میں حصہ لینے والے تمام کاروباری افراد اور کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی بڈنگ کا عمل 23 دسمبر 2025 کو ہوگا اور اسے براہِ راست تمام اہم میڈیا چینلز پر نشر کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ نجکاری کا مقصد نہ صرف قومی ایئر لائن کے کھوئے ہوئے تشخص کو بحال کرنا ہے بلکہ اسے جدید تقاضوں کے مطابق ترقی دینا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اس عمل کو آسان اور واضح طریقے سے آگے بڑھا رہی ہے تاکہ ہر مرحلے میں شفافیت برقرار رہے وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ پی آئی اے جلد ہی اپنی روایت گریٹ پیپل ٹو فلائی وِد کے مطابق عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنے لگے گی۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کی عالمی پروازوں کی بحالی سے غیر ملکی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے سفر کے مواقع آسان ہوں گے اور ساتھ ہی ملکی سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی انہوں نے بڈرز پر زور دیا کہ جو بھی اس عمل کے بعد ایئر لائن کی ذمہ داری سنبھالے گا، وہ قومی ایئر لائن کے معیار اور تشخص کی بحالی کے لیے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے۔
ملاقات میں وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی اور معاون خصوصی ہارون اختر سمیت دیگر اعلی حکام بھی موجود تھےبڈرز نے حکومت کے شفاف اور پیشہ ورانہ اندازِ کار کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے مضبوط اور جدید خطوط پر آگے بڑھے گی۔