بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے طلبا کو آخری مہلت

بغیر ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے طلبا  کو آخری مہلت

سی پی او ملتان صادق ڈوگر نے طلبا کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوا لیں اور ہیلمٹ خرید لیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے لائسنس بنانے کا عمل رات تک جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

تفصیلات کے مطابق سی پی او صادق ڈوگر اور سی ٹی او کاشف اسلم نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سی پی او صادق ڈوگر کا کہنا تھا کہ ٹریفک سینٹرز میں رات دیر تک لائسنس بنائے جا رہے ہیں، تاکہ طلبا اور شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول اور کالج کے طلبا کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے تاکہ ان کا چالان نہ ہو اور وہ قانون کے مطابق لائسنس حاصل کر سکیں۔

سی پی او نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق قانون پرانا ضرور ہے، تاہم حالات کے مطابق اس میں ترامیم بھی کی گئی ہیں۔ انہوں نے والدین اور تعلیمی اداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ طلبا کو ٹریفک قوانین کی اہمیت سے آگاہ کریں اور ان کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں: چین کی معروف یونیورسٹی کا پاکستانی طلباء کے لیے ’’ فل فنڈڈ اسکالرشپ ‘‘ کا اعلان

اس موقع پر سی ٹی او کاشف اسلم نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کر کے پریشانی سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اب جرمانوں اور سزاؤں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لہٰذا ہیلمٹ کا استعمال، درست کاغذات اور لائسنس کا ہونا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

دونوں ٹریفک حکام نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں خصوصاً نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *