پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کرنے والے افراد کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،کم قیمت سفری سہولیات فراہم کرنے والی ایئر لائن فلائی جناح نے جدہ کے لیے ا براہِ راست پروازوں کا اعلان کر دیا ہے، جس سے نہ صرف مسافروں کو کم خرچ سفر کا موقع ملے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط بھی مزید مضبوط ہوں گے۔
نئی سروس 10 دسمبر سے باقاعدہ اڑان بھرے گی ،ایئرلائن کا کراچی سے جدہ تک یکطرفہ کرایہ تقریباً 25 ہزار روپے سے شروع ہوگا، جودیگر ایئر لائنز کے مقابلے میں خاصا کم ہےیہ قیمت خاص طور پر ان پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگی جو عمرہ، حج، کاروبار یا خاندان سے ملنے کے لیے باقاعدگی سے سعودی عرب کا سفر کرتے ہیں۔
فلائی جناح نے اس روٹ کے آغاز کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے سفری تقاضوں کے تناظر میں ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
فضائی سفر کی قیمتوں میں گزشتہ چند برسوں سے ہونے والے اضافے نے بیرونِ ملک سفر کو خاصا مہنگا بنا دیا تھا، ایسے میں کم لاگت ایئرلائن کا یہ فیصلہ عوام کے لیے خاصا فائدہ مند ہے۔
ایئرلائن کی پالیسی کے مطابق مسافروں کو کم نرخوں کے ساتھ ساتھ اضافی سامان کی گنجائش اور کھانے پینے کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی، جو عموماً بجٹ ایئر لائنز میں محدود ہوتی ہیں اس اقدام کا مقصد کم خرچ ہونے کے باوجود مسافروں کو سہولت اور اعتماد فراہم کرنا ہے۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق کمپنی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفر کو آسان اور قابلِ رسائی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
نئی سروس نہ صرف مسافروں کے لیے بہتر متبادل فراہم کرے گی بلکہ آنے والے سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی ٹریفک میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے۔