سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک ایک اور بڑی تبدیلی لانے جا رہے ہیں۔ جلد ہی ایک نیا بینکنگ اور پیمنٹس سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جو ان کے ’ایوری تھنگ ایپ‘ کے وژن کا اہم حصہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’’ایکس من‘‘نامی یہ فیچر ابتدائی طور پر محدود پیمانے پر لانچ کیا جائے گا۔ تاہم کچھ قانونی اور ریگولیٹری مسائل اب بھی اس کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
کمپنی پہلے ہی امریکا کی کئی ریاستوں میں مالیاتی سروسز کے لیے لائسنس حاصل کر چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ سال ویزاکے ساتھ شراکت داری بھی کی گئی تھی، تاکہ ڈیجیٹل والیٹ اور پیئر ٹو پیئر پیمنٹس کو مزید آسان بنایا جا سکے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نئے پلیٹ فارم کے ساتھ صارفین کو پرکشش مالی فوائد بھی مل سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 6 فیصد منافع والا سیونگ اکاؤنٹ اور کچھ ٹرانزیکشنز پر 3 فیصد کیش بیک جیسی سہولیات دی جا سکتی ہیں۔
اگر یہ منصوبہ کامیاب ہو گیا تو ایکس صرف سوشل میڈیا نہیں رہے گا بلکہ روزمرہ مالی لین دین کا بھی اہم پلیٹ فارم بن سکتا ہے۔