وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
وزارت دفاع نے نوٹیفکیشن صدر مملکت کی منظوری کے بعد جاری کیا ہے، گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف اور پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی سمری کی منظوری دی تھی۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 243 اور آرمی ایکٹ کی شق 8 اے کے تحت منظوری دی ۔
وزارت دفاع کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آئندہ پانچ سال کے لیے چیف آف ڈیفنس تعینات کیا گیا ہے، سیدعاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف بھی رہیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کی سمری پر دستخط کرکے صدر مملکت کو منظوری کے لیے ارسال کر دی تھی۔
وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کیرئیر پر ایک نظر
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے فوجی کیریئر کا آغاز 1986 میں او ٹی ایس منگلا سے کیا۔ انہوں نے کمیشن فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں حاصل کیا، بطور کیڈٹ ان کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، جو تربیت کے دوران اعلیٰ صلاحیتوں کا اعتراف ہوتا ہے۔
ان کی ملٹری تربیت اور تعلیم مختلف اہم عسکری اداروں میں ہوئی، جنہوں نے ان کی پیشہ ورانہ ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا۔ فوج میں پیش قدمی کے دوران انہیں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔
25 اکتوبر 2018 کو انہیں ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) تعینات کیا گیا۔ بعد ازاں 17 جون 2019 کو وہ کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات ہوئے۔
ان کا شمار ان افسران میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف نوعیت کے انتظامی اور عملی عسکری عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیے۔
29 نومبر 2022 کو سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کیا گیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کو ایک بدترین اور تاریخی شکست سے دوچار کیا، جس کے بعد انہیں فیلڈ مارشل کے اعزاز سے نوازا گیا۔