عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا سلسلہ برقرار ہے، اور آج ایک بار پھر سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق آج فی تولہ سونا 3 ہزار روپے مہنگا ہوگیا، اس اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 44 ہزار 462 روپے کی نئی سطح تک پہنچ گئی ہے، جو حالیہ ہفتوں کے دوران نمایاں اضافے کا تسلسل ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 572 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 81 ہزار 54 روپے ہو گئی ہے۔
یہ اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا ہے جب گزشتہ روز مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1700 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، اس کمی کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ قیمتوں میں کچھ استحکام آئے گا، تاہم آج کے اچانک اضافے نے سرمایہ کاروں اور خریداروں دونوں کو ایک بار پھر حیرت میں ڈال دیا ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان اس جانب بھی اشارہ کرتا ہے کہ عالمی سطح پر سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر دوبارہ سونے کی خریداری کی جانب مائل ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دنیا بھر کی گولڈ مارکیٹس میں قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں ، ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔