بجلی صارفین کے لیے ایک اور اضافہ سامنے آگیا، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے مئی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 33 پیسے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نیپرا کے مطابق بجلی کے نرخوں میں یہ اضافہ مئی کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلی کے باعث کیا گیا ہے، جس کی وصولی صارفین سے جولائی 2026 کے بجلی کے بلوں میں کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ 33 پیسے کا اضافی بوجھ ملک کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر لاگو ہوگا، جبکہ کراچی الیکٹرک کے صارفین بھی اس فیصلے سے متاثر ہوں گے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ اضافہ لائف لائن صارفین، برقی گاڑیوں کے چارجنگ مراکز اور ان صارفین پر لاگو نہیں ہوگا جنہوں نے پیشگی ادائیگی والا بجلی ٹیرف اختیار کیا ہے۔
دستاویز کے مطابق مئی 2026 میں بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ایندھن کی اصل لاگت اور پہلے سے مقرر حوالہ جاتی لاگت میں فرق کے باعث اضافی وصولی کا فیصلہ کیا گیا، صارفین کے بلوں میں یہ رقم مئی میں استعمال ہونے والے یونٹس کی بنیاد پر الگ سے ظاہر کی جائے گی۔
اس سے قبل سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا سے مئی کے لیے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 82 پیسے اضافے کی درخواست کی تھی، نیپرا نے درخواست پر سماعت اور اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد 82 پیسے کے بجائے 33 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی۔
نیپرا کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیاں جولائی 2026 کے بلوں میں اس اضافے کو شامل کریں گی، تاہم اگر کسی صارف کو جولائی کے بل پہلے ہی جاری ہو چکے ہوں تو ایڈجسٹمنٹ اگلے بل میں شامل کی جا سکتی ہے۔