بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لئے اہم خبر

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند افراد کے لئے اہم خبر

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بیرون ملک نوکری کے خواہشمند پاکستانیوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں مختلف ممالک میں جعلی ملازمتوں کی پیشکش کرکے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے والے افراد پہلے مکمل تصدیق کریں تاکہ کسی بھی غیر قانونی یا خطرناک صورتحال کا شکار نہ ہوں۔

ایف آئی اے کے مطابق خاص طور پر تھائی لینڈ، میانمار، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں یہ مافیا سرگرم ہے۔ یہاں نوجوان پاکستانیوں کو آئی ٹی سیکٹر اور کال سینٹرز میں بہت زیادہ تنخواہوں کے لالچ دے کر نوکری کی پیشکش کی جاتی ہے، لیکن بعد میں انہیں غیر قانونی سرگرمیوں، بشمول سائبراور مالیاتی جرائم میں ملوث کیا جاتا ہے۔ ادارے نے بتایا کہ مزاحمت کرنے والوں کو سنگین نتائج بھگتنے پڑ سکتے ہیں، جن میں جسمانی تشدد اور خاندان سے بھتہ وصولی شامل ہے۔

ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ایسی ملازمتوں کی تصدیق پہلے مستند ذرائع سے کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری طور پر ایف آئی اے کو اطلاع دیں۔ ادارے نے عوام میں آگاہی بڑھانے کے لیے حال ہی میں ایک مہم بھی شروع کی ہے، کیونکہ متعدد پاکستانی جعلی کال سینٹر اسکیمز میں پھنس چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: جعلی کرنسی استعمال کرنے پر ایس پی بلال قیوم کو نوکری سے فارغ

اس سال کے دوران تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کی حکام نے 215 غیر ملکی شہریوں کو جعلی اسکیم سے بچایا، جن میں 50 پاکستانی شامل تھے۔ ایک اور واقعے میں میانمار میں اسکیم سینٹرز پر کارروائی کے دوران 38 پاکستانی تھائی لینڈ پہنچے، جبکہ 60 دیگر محفوظ مقامات پر تصدیق کے لیے انتظار کر رہے ہیں۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق متاثرین اکثر انسانی اسمگلنگ کے شکار ہو کر بڑے پیمانے پر سائبر فراڈ اسکیمز میں ملوث ہو جاتے ہیں، اس لیے بیرون ملک جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے اور ہر قدم پر تصدیق کرنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *