روبوٹک سرجری کا سب سے بڑا فائدہ کیا ہے؟ جان کر حیران رہ جائیں گے

روبوٹک سرجری کا سب سے بڑا فائدہ کیا ہے؟ جان کر حیران رہ جائیں گے

اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ‘ٹومائی’ نامی چینی روبوٹ کے ذریعے پہلی مرتبہ انتہائی جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک پیچیدہ سرجری مکمل کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ نومبر میں پمز اسلام آباد میں چینی ‘ٹومائی’ روبوٹ کے ذریعے پہلی کامیاب ایڈرینل سرجری ہوئی، جس نے عوامی شعبے میں روبوٹک سرجری کے فروغ کی بنیاد رکھی۔

اس حوالے سے پمز اسپتال کے سرجن پروفیسر عاطف انعام شامی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روبوٹک سرجری سے پیچیدہ آپریشن اب زیادہ محفوظ اور مؤثر طریقے سے ہوسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس روبوٹک سرجری کی مدد سے آپریشن کے بعد زخم کی وجہ سے جو درد ہوتا ہے اس میں واضح کمی آتی ہے اور مریض جلدی صحت یاب ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانیوں نے 2025 میں گوگل پر سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟ دلچسپ رپورٹ سامنے آگئی

انہوں نے بتایا کہ انسانی جسم کے بعض اعضاء ایسی جگہ ہوتے ہیں جن کا آپریشن کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن یہ روبوٹ ایسے آپریشن بہت آسانی اور کامیابی سے انجام دیتا ہے۔ یہ روبوٹ طویل دورانیے کے آپریشن بھی بہت سہل طریقے اور بغیر کسی وقفے کے کرسکتا ہے۔

پمز میں استعمال ہونے والا سرجیکل روبوٹ نہ صرف سستا ہے بلکہ اس کی مدد سے پیچیدہ سرجریز زیادہ تیزی احتیاط اور بہترکنٹرول کے ساتھ کی جاسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں روبوٹک سرجری کا آغاز سال 2011 میں کراچی کے سندھ گورنمنٹ اسپتال سے ہوا۔ اس کے بعد لاہور کے نیشنل اسپتال میں یہ ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی، جہاں اب تک ڈھائی سو سے زیادہ سرجریز کی جاچکی ہیں۔

اس کے بعد سال 2022-23 میں نجی اور سرکاری اداروں جیسے ایس آئی یو ٹی اور پی کے ایل آئی میں جدید روبوٹس فعال ہوئے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *