انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نومبر کے پلیئر آف دی منتھ کیلئے 3 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نومبر کے پلیئر آف دی منتھ کے لیے تین کھلاڑیوں کی نامزدگیاں جاری کر دی ہیں، جن میں پاکستان کے آل راؤنڈر محمد نواز بھی شامل ہیں۔
ماہِ نومبر میں شاندار پرفارمنس کے باعث ان کھلاڑیوں کو ایوارڈ کی دوڑ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ حتمی منتخب کھلاڑی کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق نومبر کے لیے جنوبی افریقہ کے اسپنر سائمن ہارمر اور بنگلا دیش کے لیفٹ آرم اسپنر تیج الاسلام کو بھی نامزد کیا گیا ہے، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں متاثرکن کارکردگی دکھائی اور اہم لمحات میں اپنی ٹیموں کے لیے میچ جتوانے میں کردار ادا کیا۔
پاکستان کے محمد نواز نے بھی گذشتہ ماہ نمایاں پرفارمنس کے ذریعے اپنی شمولیت یقینی بنائی, انہوں نے سری لنکا اور زمبابوے کے ساتھ ہونے والی سہ ملکی سیریز میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی دکھائی، جبکہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی عمدہ فارم اور مسلسل میچ وننگ کارکردگی نے انہیں ماہ کے ٹاپ تھری کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ دلوائی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں آل راؤنڈر محمد نواز 2025ء میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے بہترین پرفارمنس پیش کرنے والے کھلاڑی بھی بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے ، راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر اور بائیں ہاتھ کے بلے باز محمد نواز مختصر فارمیٹ ٹی 20 میں سب سے آگے رہے۔