مکران کوسٹل ہائی وے پر کاریں آپس میں ٹکرانے سے بچے سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ منیجی کے مقام پر پیش آیا ہے جس میں ایک خراب گاڑی کے سڑک پر کھڑے رہنے کی وجہ سے دوکاریں آپس میں ٹکرا گئیں ، دونوں کاروں میں سے ایک گوادر سے کراچی اور دوسری کراچی سے گوادر آرہی تھی، حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
امدادی ٹیموں نے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، جاں بحق اور زخمیوں کے لواحقین سے رابطے جاری ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطے کے بعد لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا جائے گا۔