پیٹرول اورڈیزل مہنگا ہونےکاامکان، وجہ جانئے

پیٹرول اورڈیزل مہنگا ہونےکاامکان، وجہ جانئے

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) اور ڈیلرز کے منافع میں اضافہ کرنے کی سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ای سی سی جلد اس سمری پر غور کرے گی اور او ایم سیز اور ڈیلرز کے منافع سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منافع میں مجوزہ اضافے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے او ایم سیز اور ڈیلرز کے منافع میں ایک روپے 10 پیسے سے ایک روپے 28 پیسے فی لیٹر تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے بعد فیول کی قیمت میں اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اس وقت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر 7 روپے 87 پیسے فی لیٹر ہے۔ ڈیلرز کا کمیشن بھی پیٹرول اور ڈیزل پر یکساں ہے، جو فی الحال 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر کے حساب سے وصول کیا جا رہا ہے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق شہری فی لیٹر پیٹرول پر او ایم سیز اور ڈیلرز کو مجموعی طور پر 16 روپے 51 پیسے ادا کر رہے ہیں، جبکہ ڈیزل پر بھی یہی مجموعی منافع وصول کیا جا رہا ہے۔ منافع میں اضافے کی تجویز منظور ہونے کی صورت میں عوام کو پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں مزید بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام سے سب سے زیادہ سیلز ٹیکس بجلی پر وصول کیا گیا یا پٹرول پر؟ وزارتِ خزانہ نے تفصیلات جاری کر دیں

مارکیٹ ذرائع نے مزید بتایا کہ منافع میں اضافے کی اس تجویز کا اطلاق اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری اور وفاقی کابینہ کی باضابطہ توثیق کے بعد ہوگا۔ فیصلے کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا، جس پر عمل درآمد حکومتی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *