فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی شدید دھند کے باعث موٹروے حکام نے لاہور، سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور پشاور ایم 1 کو رشکئی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے پیشِ نظر یہ فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ ممکنہ حادثات سے بروقت بچا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ ’دھند میں حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ڈرائیونگ نہایت خطرناک ہو جاتی ہے، اس لیے موٹروے کی بندش ضروری تھی۔‘
محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ گوجرانوالہ میں فضائی آلودگی کی سطح 349، رحیم یار خان میں 321 جبکہ ملتان میں 315 پارٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اتنی زیادہ مقدار نہ صرف دھند میں اضافے کا باعث بنتی ہے بلکہ شہریوں کی صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
موٹروے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند سے متاثرہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو گاڑیوں کی فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ ’دھند میں لین کی خلاف ورزی مہلک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔‘
ترجمان نے مزید کہا کہ موٹروے کے تمام سیکشنز پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے پہلے موٹروے ہیلپ لائن 130 یا متعلقہ ایپ پر تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔