بلوچستان کا روشن اور پُرامن چہرہ نمایاں ہونے لگا، مکران کی ساحلی پٹی پر غیر ملکی سیاحوں کا رش

بلوچستان کا روشن اور پُرامن چہرہ نمایاں ہونے لگا، مکران کی ساحلی پٹی پر غیر ملکی سیاحوں کا رش

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی خوبصورت اور وسیع ساحلی پٹی مکران ایک بار پھر دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ اپنے طلسماتی ساحل، قدرتی مناظر، تاریخی آثار اور پُرامن ماحول کے باعث مکران کو نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاح بھی ترجیح دینے لگے ہیں۔

بلوچستان کے ساحلی حکام کے مطابق یہ علاقہ اب ایک محفوظ، پُرامن اور پُرسکون سیاحتی مقام کے طور پر عالمی سطح پر پہچان بنا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلوچستان کالعدم تنظیم کے کمانڈر سمیت 100افراد ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل، وزیراعلیٰ کا خیرمقدم

گزشتہ چند مہینوں میں خصوصاً یورپی ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس نے بلوچستان کی مثبت اور پرامن شناخت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ لسبیلہ سے گوادر تک پھیلی نیلی ساحلی پٹی کے اہم مقامات، ’کنڈ ملیر‘، ’ہنگول نیشنل پارک‘، ’پسنی‘ اور ’ارماڑہ‘ اپنے قدرتی حسن سے مہمانوں کو بے حد متاثر کر رہے ہیں۔ وسیع پہاڑی سلسلے، نیلا سمندر، سنہری ریت اور ہنگلاج جیسے تاریخی مقامات سیاحوں کے تجربے کو مزید یادگار بناتے ہیں۔

غیر ملکی سیاحوں نے بلوچستان کی مہمان نوازی، مقامی ثقافت، روایات اور لوگوں کی سادگی کو ’بے مثال‘ قرار دیا ہے۔ ایک سیاح کے مطابق، ’یہاں کے لوگ انتہائی خوش اخلاق ہیں اور ماحول بے حد محفوظ ہے، ہم نے توقع سے زیادہ سکون پایا‘۔

مقامی پولیس کے مطابق رواں سال ’400 سے زیادہ غیر ملکی سیاح‘ مکران ریجن کا دورہ کر چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاح بلوچستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہیں، جبکہ پولیس کی جانب سے دی جانے والی خصوصی سیکیورٹی نے انہیں بلا خوف و خطر سفر کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔

ایک مقامی شہری نے بتایا کہ علاقے میں موجود تاریخی مندر سمیت دیگر آثار دیکھنے آنے والے غیر ملکی سیاحوں کو پولیس کی جانب سے بہترین سیکیورٹی مہیا کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان کی طالبہ کو اپنی کرسی پر بٹھادیا، تقریب میں جذباتی مناظر

سیاحت کے بڑھتے رحجان نے نہ صرف مقامی معیشت میں نئی جان ڈال دی ہے بلکہ عالمی سطح پر بلوچستان کے حوالے سے مثبت تاثر کو بھی تقویت دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ’مکران میں ہر گزرتا دن اعتماد، امن اور ترقی کے نئے امکانات کو دنیا کے سامنے زیادہ نمایاں کر رہا ہے‘۔ عالمی برادری بلوچستان کو اب ایک ’امن پسند، مستحکم اور ترقی کی جانب بڑھتا ہوا خطہ‘ قرار دے رہی ہے۔

مکران اب صرف ایک خوبصورت ساحل نہیں رہا بلکہ بلوچستان کے روشن مستقبل، معاشی مواقع اور عالمی شناخت کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے، جو آنے والے برسوں میں ملک کی سیاحتی صنعت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *