وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو خط لکھ کر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
خط میں وزیراعظم نے ایرانی عوام اور امتِ مسلمہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اس سانحے پر شدید دکھ میں ہے اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت ایران کو امن، استحکام اور خوشحالی کی جانب لے جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت پر مبنی ہیں اور پاکستان باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خط میں مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت اور کامیابی کے لیے دعا کی اور ایرانی عوام کے لیے امن و استحکام کی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ حالیہ امریکی و اسرائیلی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای شہید ہو گئے تھے، جس کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔