پاکستان کا بھارتی وزیرِ خارجہ کے بیانات پر شدید ردعمل، الزامات بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، دفترخارجہ

پاکستان کا بھارتی وزیرِ خارجہ کے بیانات پر شدید ردعمل، الزامات بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ ہیں، دفترخارجہ

پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کے پاکستان کی مسلح افواج سے متعلق بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور گمراہ کن‘ قرار دیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کے روز جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ بھارتی قیادت کے ایسے بیانات خطے میں امن اور استحکام سے متعلق بھارت کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ’پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، خصوصاً مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں جو ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں‘۔ انہوں نے بھارتی وزیرِ خارجہ کا وہ الزام مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کو پاکستان کی عسکری قیادت سے بنیادی چیلنجز لاحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تاجکستان ڈرون حملےاور امریکہ میں فائرنگ کی ذمہ دار افغان حکومت ہے،دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مئی 2025 میں ہونے والی 4 روزہ جھڑپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس واقعے نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور مادر وطن کے دفاع کے عزم کو بھرپور انداز میں ثابت کیا۔ بھارت چاہے کتنا ہی پروپیگنڈا کرے، یہ حقیقت نہیں بدلی جا سکتی‘۔

ترجمان نے بھارتی قیادت کی طرف سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کے خلاف بیانات کو ’منظم پروپیگنڈا مہم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’بھارت اس مہم کے ذریعے خطے میں اپنی عدم استحکام کی پالیسیوں اور پاکستان میں ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا ہے‘۔

طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ ’بھارت کو پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے اپنی ریاست میں پروان چڑھتی ہوئی فسطائی اور ہندو توا سوچ کا جائزہ لینا چاہیے، جس نے ہجوم کے تشدد، ماورائے عدالت سزاؤں، بلاجواز گرفتاریوں اور عبادت گاہوں کی مسماری جیسے اقدامات کو معمول بنا دیا ہے‘۔ ان کے مطابق بھارتی ریاست اور اس کی قیادت خود اسی شدت پسندی کی ’یرغمال‘ بن چکی ہے۔

مزید پڑھیں:بھارت نےٹرمپ کے بیان کو غلط انداز میں پیش کر کے حقائق مسخ کیے،دفتر خارجہ

ترجمان کا کہنا تھا کہ ’بھارت کی اشتعال انگیز بیان بازی اس کی امن، استحکام اور خطے کی ہم آہنگی سے بے اعتنائی کی واضح مثال ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بقائے باہمی، مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے تاہم ’اپنی سلامتی، خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح متحد اور مضبوط ہے‘۔

دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور الزام تراشی کا سلسلہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ خطے میں بھارت کے عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات کا نوٹس لے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *