وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دورِ حکومت اور بعد ازاں سیاسی طرزِعمل سے ملک کو اس قدر نقصان سے دوچار کیا جس کی مثال دشمن کی خواہشات میں بھی کم ہی ملتی ہے۔
لاہور کے علاقے شیر شاہ چوک میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کیے تھے، اُن کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
ترقیاتی سکیموں، بنیادی سہولتوں اور عوامی خدمت کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہونا مسلم لیگ (ن) کی ترجیحات کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی طویل حکمرانی کے باوجود صوبے میں ترقی کے وہ آثار نہیں ملتے جو بارہ سالہ حکومت کے بعد سامنے آنے چاہیے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے وہ منصوبے وجود میں نہیں آئے جو عوام کی حقیقی ضروریات پوری کرتے س موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے اہم قومی منصوبوں پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت کی چھاپ نمایاں ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تعمیر اور ترقی کی سیاست کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایک شخص قومی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکا، فوج اور عوام کے درمیان کسی کو دراڑ ڈالنے نہیں دینگے، ترجمان پاک فوج
عطا تارڑ نے کہاکہ پی ٹی آئی قیادت نے ریاستی اداروں پر عدم اعتماد کو بڑھایا، ملکی تشخص کو نقصان پہنچایا اور سیاسی عدم استحکام کو فروغ دیا انہوں نے کہا کہ حساس تنصیبات پر حملے اور منفی بیانیہ پھیلانے کی کوششیں قومی سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ذہنی مریض ہے اس کا بیانیہ ملک کے خلاف ، اس نے ایک سو نوے ملین پائونڈ کی کرپشن کی ہے اس لئے جیل میں سزا کاٹ رہا ہے
ان کے مطابق پی ٹی آئی سوشل میڈیا نیٹ ورک ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات پھیلانے میں سرگرم رہا، جو ملک دشمن قوتوں کے بیانیے سے مشابہت رکھتا ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی حکومت نے نہ تو کشمیر اور فلسطین جیسے اہم عالمی ایشوز پر مؤثر کردار ادا کیا اور نہ ہی خطے کے بدلتے حالات میں پاکستان کا مؤقف مضبوطی سے پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں :عمران خان کا خط پروپیگنڈہ کرنے کا بہانہ ہے، آرمی چیف نے مختصر وجامع جواب دیا، رانا ثنااللہ
انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ سیاست نہ صرف ملک کے سفارتی مفادات کے خلاف تھا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تشخص کو بھی متاثر کرتا رہا۔خطاب کے اختتام پر عطا تارڑ نے کہا کہ قوم نے انتشار اور منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے، اور وہ وقت قریب ہے جب تعمیر، استحکام اور خدمت کی سیاست مکمل طور پر سرخرو ہوگی۔

