مدینہ منورہ اور اس کے گرد و نواح میں موسم نے اچانک کروٹ بدل لی، اتوار کی دوپہر کے وقت آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
شدید بارش کے باعث مدینہ منورہ میں موسم خاصا سرد ہوگیا اور شہریوں نے سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس کیا۔ بارش کے دوران مسجد نبویؐ کا روح پرور منظر خاص طور پر قابل دید تھا۔
زائرین کے مطابق جیسے ہی کالی گھٹاؤں سے بھرے آسمان نے برسنا شروع کیا، تو ’گنبدِ خضری‘ پر بارش کی پھوار، ہوا کی خوشگوار سرسراہٹ اور بادلوں کی گرج نے ایک ایمان افروز ماحول پیدا کر دیا۔
مسجد کے صحن میں موجود زائرین نے بارش کو ’ابرِ رحمت‘ قرار دیتے ہوئے ہاتھ اٹھا کر خوب دعائیں مانگیں اور ’اللہ پاک‘ کا شکر ادا کیا۔
شہریوں اور زائرین کا کہنا تھا کہ ’مدینہ کی بارش ہمیشہ دلوں کو سکون بخشتی ہے‘، جبکہ مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کا کام فوری شروع کر دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر سارا شہر بارش کے بعد ایک تازگی اور روحانی فضا سے معمور دکھائی دیا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں معمول سے بہت کم بارشیں ہوتی ہیں، تاہم اس سال جنوری میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی، جس کے بعد سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 3 دن تک مسلسل بارش ریکارڈ کی گئی تھی، سعو دی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی کا کہنا تھا کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو چند دن تک جاری رہے گا۔