پی ٹی آئی اس لائق نہیں کہ انہیں بات چیت کی دعوت دی جائے، طلال چوہدری

پی ٹی آئی اس لائق نہیں کہ انہیں بات چیت کی دعوت دی جائے، طلال چوہدری

وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اپنے سخت ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت اس قابل نہیں کہ انہیں کسی سیاسی مذاکرات یا بات چیت کی دعوت دی جائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی چیئرمین اور اس کی قیادت نے بارہا ریاستی اداروں پر بے بنیاد تنقید کی، جسے مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پیر کو جاری اپنے ایک بیان میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘بانی پی ٹی آئی نے آج تک بھارت اور اسرائیل کے خلاف کوئی واضح مؤقف یا بیان نہیں دیا، جبکہ ملکی اداروں پر مسلسل ہرزہ سرائی ان کا مستقل رویہ بن چکا ہے۔’ انہوں نے مزید کہا کہ قومی اداروں کے خلاف مہم میں شدت آنے کے بعد اب ریاستی صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی صحت سے متعلق پی ٹی آئی کے بیانیےکی نفی ہوگئی، طلال چوہدری

وزیر مملکت نے کہا کہ ‘اڈیالہ جیل کے باہر اگر اب کوئی تماشا کیا گیا تو قانون سب کو دکھا دے گا کہ اس کی پاسداری کیسے کی جاتی ہے۔ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے، اب یہ جیسا کریں گے ویسا ہی ان کے ساتھ سلوک ہوگا۔’ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت اور اداروں نے اب تک تحمل کا مظاہرہ اس امید پر کیا کہ شاید معاملات بہتر ہو جائیں، مگر صورتحال مزید خراب ہوتی جا رہی ہے۔

طلال چوہدری نے پاک فوج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ‘معرکہ حق میں دشمن کے دانت کھٹے کرنے والی پاک فوج کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے۔ کسی کے کندھے پر بیٹھ کر اقتدار میں آنے والے لوگ آج انہی اداروں کے خلاف زبان درازی کر رہے ہیں‘۔ یہ لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے اداروں کو گھسیٹتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین واضح کرتا ہے کہ قومی وسائل کو ذاتی سیاست کے لئے استعمال نہیں کیا جا سکتا، مگر بدقسمتی سے ایسے اقدامات روز کا معمول بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق ‘اداروں کے خلاف بات کرنے والوں کی اب زبان کھینچ لی جائے گی اور پورا پاکستان ایسے عناصر کو جواب دے گا۔’

مزید پڑھیں:دہشتگردی میں اضافے کاخدشہ، دہشتگرد غیر رجسٹرڈ ’وی پی این‘ استعمال کر رہے ہیں، طلال چوہدری

وزیر مملکت نے خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پہلے ہی کئی مسائل میں گھرا ہوا ہے اور وہاں کی سیاسی قیادت نے حالات کو مزید الجھایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس میں کہے گئے محاوراتی جملے پی ٹی آئی نے پشاور جلسے کے دوران حقیقت میں ثابت کر دیے۔ پی ٹی آئی کے پشاور جلسے میں پھر گالم گلوچ ہوئی، ۔کل انہوں نے یہ ثابت کیا جو ڈی جی آئی ایس پی آر نے محاورتاً کہا تھا وہ سچ ہے۔ کل جلسے میں کوئی ٹومی بنا ہوا، کوئی روکی اور کوئی لوسی بنا ہوا تھا۔

طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ ‘آخر کب تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جا سکتا ہے؟ ریاستی رٹ اور اداروں کا احترام سب کے لئے برابر ہے اور اسے چیلنج کرنے والوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔’

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *